کووڈ۔19 کے نئے کیسز میں 15 فی صد کمی
عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی رپورٹ کی گئِی تعداد میں 15 فیصد کمی ہوئی جب کہ نئے واقعات کی تعداد نو فیصد کم ہوئی۔
کویڈ۔ 19 کے بارے میں اپنے تازہ ترین ہفتے وارجائزے میں اقوام متحدہ کے ادارے نے کہا کہ گزشتہ ہفتے 53 لاکھ نئے کیس سامنے آئے اور 14 ہزار اموات واقع ہوئیں۔
ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ انفیکشن کے نئے کیسز کی تعداد میں مغربی پیسیفک کے علاقے کے سوا دنیا بھر میں ہر جگہ کمی واقع ہوئی ۔ افریقہ میں اموات کی تعداد میں 183 فیصد اضافہ ہوا، لیکن یورپ میں لگ بھگ ایک تہائی اور بر اعظم امریکہ میں 15 فیصد کمی ہوئی ۔
تاہم ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا ہے کہ ممکن ہے کہ کویڈ۔ 19 کے واقعات کی تعداد کو امکانی طور پر بہت زیادہ گھٹا کر بیان کیا گیا ہو کیوں کہ بہت سے ملکوں نے وائرس کی ٹسٹنگ اور اس کی مانیٹرنگ کے لیے نگرانی کے پروٹوکولز ختم کر دیے ہیں ، اس کا مطلب یہ ہے کہ اب پہلے سے کم کیسز کا پتہ چلایا جارہا ہے۔
سترہ سالہ رتھرفورڈ تنہا دنیا بھر کا چکر لگانے والے پائلٹ بن گئے
ایک 17 سالہ پائلٹ بلغاریہ میں لینڈنگ کے بعد ایک چھوٹے طیارے میں تنہا دنیا کا چکر لگانے والا کم عمر ترین شخص بن گیا ہے۔ یہ وہ ملک ہے جہاں پانچ ماہ قبل میک رتھر فورڈ نے اپنا سفر شروع کیا تھا۔ رتھر فورڈ بدھ کے روز اپنے کام کو مکمل کرنے اور دو گنیز ورلڈ ریکارڈز کا دعویٰ کرنے کے لیے بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ کے مغرب میں ایک ہوائی پٹی پر اترے۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق رتھر فورڈ اب ایک مائیکرو لائٹ طیارے میں دنیا کا چکر لگانے والے سب سے کم عمر شخص بھی ہیں ۔
23 مارچ کو شروع ہونے والے اس سفر میں رتھر فورڈ پانچ بر اعظموں پر 52 ملکوں سے گزرے ۔ وہ اس ٹرپ کے دوران 17 برس کے ہوئے۔
ہوا بازوں کے ایک خاندان میں پیدا ہونے والے رتھر فورڈ نے 2020 میں اپنے پائلٹ لائسنس کے لیے کوالی فائی کیا اور یوں وہ 15 سال کی عمر میں دنیا کے سب سے کم عمر پائلٹ بن گئے ۔
رتھر فورڈ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان کی کامیابی نوجوانوں کو اپنے خواب پورےکرنے کی ترغیب دے گی۔ نوجوان کے پاس بیلجیئم اور برطانیہ کی شہریت ہے ۔
چین کے نوجوانوں میں بے روزگاری کی سطح 20 فی صد ہو گئی
چین کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 1999میں چین میں دس لاکھ سے بھی کم طالب علموں نے کالجوں سے گریجوایشن کی ۔ اس سال 10٫7 ملین گریجوایٹس کی ایک ریکارڈ تعداد چین کی جاب مارکیٹ میں داخل ہوئی ہے۔ اور ان میں سےبہت سوں کو ملازمتوں کی تلاش میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
چین کے شماریات کے قومی ادارے کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جولائی کے مہینے میں ملک کے نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح جولائی میں 19٫9 فیصد تک پہنچ گئی ۔ یہ جنوری 2018 میں جب سے بیجنگ نے انڈیکس شائع کرنا شروع کیا ہے ، بلند ترین شرح ہے ۔ اس وقت یہ شرح 9٫6 فیصد تھی۔
چین کے متعدد تجزیہ کار وں نے وی او اے کو بتایا ہے کہ جولائی میں 16 سے 24 سال کے نوجوانوں میں بے روزگاری کی بلند شرح کی بڑی وجہ وہ اقتصادی کساد بازاری ہے جس نے چین کو گزشتہ چند برسوں سے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ۔ یہ کساد بازاری کویڈ۔ 19 کی وبا اور بیجنگ کی وبا پر قابو پانے کے لیے چین کی سخت پابندیوں کے باعث مزید بد تر شکل اختیار کر گئی ہے ۔ ان پابندیوں میں زیرو کویڈ پالیسی شامل ہے جس کے نتیجے میں برآمدات اور صارفین کے اخراجات میں کمی واقع ہوئی ۔
میانمار سیاسی بحران کے حل میں روہنگیا کو بھی شامل کرے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے سر براہ میانمار کی فوجی حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ملک کے سیاسی بحران کے حل میں نسلی روہنگیا کو شامل کرے ۔ ان کا یہ تبصرہ میانمار کی فوج کی پکڑ دھکڑ کی ایک کارروائی سے جان بچا کر بنگلہ دیش فرار ہونے والی مسلم اقلیت کے بڑے پیمانے کے ایک انخلا کے آغاز کے پانچ سال مکمل ہونے کے موقع پر بدھ کے روز سامنے آیا ۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق اقوام متحدہ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکرٹری جنرل اینٹونیو گوئٹریس نے کہا ہے کہ روہنگیا کے لوگوں کو بودھ اکثریتی ملک میانمار میں بڑے پیمانے کے امتیازی سلوک کا سامنا ہے جہاں بیشتر کو شہریت اور بہت سے دوسرے حقوق دینے سے انکار کیا گیا ہے ۔ اس وقت تقریباً دس لاکھ روہنگیا مسلمان زیادہ تر بنگلہ دیش کے کیمپوں میں مقیم ہیں۔