امریکہ مونکی پوکس کے ویکسین کی تیاری کے لیے گیارہ ملین ڈالر د ےگا
امریکی حکومت نےپیر کےروز کہا کہ وہ مونکی پوکس کی ویکسین جنیوس کی امریکہ میں قائم تنصیب میں پیکیجنگ میں مدد کے لئے 11 ملین ڈالر فراہم کرےگی ۔ ڈنمارک کی کمپنی نے جو واحد منظور شدہ مونکی پوکس ویکسین بناتی ہے، اس ماہ کے شروع میں مشی گن میں قائم گرینڈ ریور ایسپٹک مینو فیکچرنگ سے دو خوراکوں کے شاٹ کے پیکیج کے لیے سائن اپ کیا تھا۔
امریکہ کے ہیلتھ اینڈ ہیومن سروسز ڈپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ یہ ویکسین توقع ہے کہ اس سال کے آخر میں بننا شروع ہو جائے گی ۔ اور اس نے مزید کہا کہ فنڈنگ ویکسین بنانے والی کمپنی کو مزید عملہ بھرتی کرنے اور مزید آلات خریدنے میں مدد دے گی ۔
عالمی سطح پر مونکی پوکس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 47600 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اب تک امریکہ میں 17000 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
سی ڈی سی کی ڈائریکٹرروشیل والینسکی نے گزشتہ ہفتے کہا تھا اگست تک ملک بھر میں جنیوس ویکسین کی 207،000 خوراکیں دی جا چکی ہیں ، لیکن بہت کم لوگو ں کو مکمل حفاظت کے لیے درکار دوسرا شاٹ نہیں لگا ہے۔
صدر بائیڈن کا جرائم کی روک تھام پر زور
امریکی صد ر جو بائیڈن حملوں کی طرز کے ہتھیاروں پر نئی پابندی کے لیے منگل کے روز اس وقت زور دیں گے جب وہ
ولکس- بیری پنسلوینیا میں جرائم کی روک تھام کے اپنے منصوبوں پر بات کریں گے ۔
وہ یہ دورہ ایسے میں کر رہے ہیں جب ڈیمو کریٹس اور ری پبلکنز نومبر میں مڈ ٹرم انتخابات سے قبل نفاذ قانون کے معاملات پر فائدہ اٹھانے کی تلاش میں ہیں۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق وائٹ ہاوس کی پریس سیکرٹری کرائن جین پئِر نے کہا ہے کہ بائیڈن اپنے بیان میں اس چیز کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیں گے کہ ہم اپنی کمیونٹیز کے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔ پنسلوینیا میں ، جو انتخابات کے لیے ایک کلیدی فیصلہ ساز ریاست ہے جرائم خاص طور پر ایک اہم مسئلہ ہے۔
سری لنکا: اخراجات میں کمی اور عوام کے ریلیف کے لیے بجٹ میں ترمیم کا منصوبہ
سری لنکا کی حکومت اس سال کے لیے ایک ترمیم شدہ بجٹ پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس میں اخراجات کو کم کیا جائے اور اس کا مقصد ایک اقتصادی بحران سے متاثرہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ صدر رانیل وکرما سنگھے ، جو وزیر خزانہ بھی ہیں پارلیمنٹ میں بجٹ پیش کریں گے، جس پر بحث کے بعد ووٹنگ ہوگی۔
حکومت سری لنکا کو اس کے اقتصاد ی بحران سے نکالنےکے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے گفت وشنید کر رہی ہے۔ حکومت قرضوں میں رد وبدل کے لیے بھی بات چیت کی تیاری کر رہی ہے۔ سری لنکا کا کل غیر ملکی قرضہ 51 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے جس میں سے اسے 2027 تک 28 ارب ڈالر ادا کرنے ہو ں گے
سری لنکا کو مہینوں تک اشیائے ضروریہ مثلاً ایندھن، ادویات اور پکانے کی گیس کی قلت کا سامنا رہا ہے ۔ اگرچہ عالمی بینک کی مدد سے پکانے کی گیس کی رسدیں بحال ہو گئیں ہیں،
لیکن ایندھن، انتہائی ضروری ادویات اور خوراک کی کچھ چیزوں کی قلت جاری ہے ۔ توقع ہے کہ آئی ایم ایف کا ایک وفد بدھ کو اپنے دورے کا اختتام کرے گا اور حکومت کو امید ہے کہ اس وقت تک کوئی ابتدائی معاہدہ ہو جائے گا۔
اسرائیلی فوج کی کے چھاپوں میں رواں سال فلسطینوں کی ہلاکتیں 85 ہو گئیں
رواں برس مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں رات کے وقت کے چھاپوں میں کم از کم 85 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت اور اسرائیلی حقوق کے ایک گروپ کے اعداد و شمار کے مطابق، اس تعداد کے بعد موجودہ سال مقبوضہ علاقے میں 2016 کے بعد سب سے زیادہ ملاکت خیز سال بن گیا ہے ۔ فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی اکثریت عسکریت پسندوں یا پتھر اؤ کرنے والوں کی تھی اور یہ کہ فوج نے یہ چھاپے اسرائیلیوں کے خلاف مہلک حملوں کے جواب میں شروع کیے تھے۔
اس تعداد میں فلسطینی حملہ آوروں کے علاوہ مٹھی بھر عام شہری اور مقامی نوجوان بھی شامل ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ عسکریت پسندوں کے نیٹ ورک کو ختم کر رہا ہے جو اس کے شہریوں کے لیے خطرہ ہیں۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ چھاپوں کا مقصد اسرائیل کی فوجی حکمرانی کو برقرار رکھنا ہے۔