یوکرین اور یورپ میں توانائی کا بحران مزید گہرا ہو گیا
یوکرین اور یورپ توانائی کے مسائل کی لپیٹ میں آچکے ہیں کیوں کہ روس کے زیر قبضہ علاقے میں واقع، ایک پاور پلانٹ ، جس کے ایک بڑے حصے کو نقصان پہنچ چکا ہے، اطلاعا ت کے مطابق اتوار کو عارضی طور پر بند ہو گیا ۔ زاپوریژیا کے چھ میں سے صرف ایک ری ایکٹر الیکٹرک گرڈ سے منسلک تھا اور جرمنی تک قدرتی گیس پہنچانے والی روس کی مرکزی پائپ لائن بند رہی۔
یوکرین میں لڑائی اور پائپ لائن پر تنازعات ، بجلی اور قدرتی گیس کی قلتوں کے پس پشت کار فرما ہیں، جنہیں یوکرین میں سات ماہ تک جاری جنگ نے مزید بدتر کر دیا ہے ۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق جوہری توانائی سےمتعلق اقوام متحدہ کے معائنہ کار سلامتی کونسل کو منگل کے روز زاپورژیا پاور پلانٹ کے اپنے دورے کے بارے میں بریفنگ دیں گے۔ یورپی یونین کے وزرائے توانائی بلاک کی مسائل سے دوچار بجلی کی مارکیٹ پر گفتگو کے لیے جمعے کو برسلز میں ملاقات کریں گے۔
صدر جو بائیڈن کا لیبر ڈے پر وسکانس کا دورہ
امریکی صدر جو بائیڈن لیبر ڈے کی اپنی تقریبات کا آغاز ایک اہم ترین انتخابی میدان جنگ، ریاست وسکانسن کے اپنے ایک دورے سے کر رہے ہیں ، جس کے بعد وہ ایک اور ریاست ، پنسلوینیا کا ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں اپنا تیسرا دورہ کریں گے۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق پیر کے روز بائیڈن اپنے دوروں میں اس موضوع پر لوٹتے ہوئے نظر آئیں گے جو 2020 کی ان کی انتخابی مہم کا مرکز تھا۔ اور وہ یہ ،کہ مزدور یونینوں نے ایک ایسے متوسط طبقے کو اجاگر کیا جس نے جدید امریکی معاشرے کو بنایا اور مضبوط کیا۔
صدر بائیڈن کا پنسلوینیا کا یہ دورہ اس کے صرف چند روز بعد ہو رہا ہےجب ان کےپیشرو ڈونلڈ ٹرمپ نے وہاں اپنی ریلی منعقد کی تھی جس سے دونوں جماعتوں کے لیے پنسلوینیا کی انتخابی میدان جنگ کے طور پر اہمیت کی عکاسی ہوتی ہے۔
ارجنٹائن کی نائب صدر کرسٹینا فرنینڈز قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئیں
جمعرات کو ایک حملہ آور نے ان کی طرف بندوق تان لی ، لیکن وہ فائر کرنے میں ناکام رہا۔
ارجنٹائن کے صدر البرٹو فرنینڈیز نے ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے خطاب میں بتایا کہ حملہ آور نے نائب صدر کرسٹینا فرنینڈز کے سر کا نشانہ لیا اور ٹرگر دبا دیا تھا۔
ناکام شوٹنگ کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ بندوق کرسٹینا فرنینڈز کے چہرے کو تقریباً چھو رہی ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نائب صدر اپنے حامیوں کے جھرمٹ میں عدالت سے گھر واپس لوٹ رہی تھیں۔
کرسٹینیا فرنینڈز کو، جو سال 2007 سے 2015 تک کے عہدہ صدارت پر فائز رہی ہیں، اس عرصے کے دوران بدعنوانی کے ارتکاب کے الزامات کا سامنا ہے۔ تاہم مز فرنینڈز ان الزامات کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے مسترد کر چکی ہیں۔
حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے لیکن اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
جرمنی 1972 کے میونخ اولمپکس کے دوران مارے جانے والے اسرائیلی ایتھلیٹس کے اہل خانہ کو 28 ملین ڈالر معاوضہ دے گا
جرمنی کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے جمعے کے روز بتایا ہے کہ جرمنی اور 1972 کے میونخ اولمپکس میں قتل ہونے والے اسرائیلی ایتھلیٹس کے اہل خانہ نے کل 28 ملین ڈالر کے معاوضے کی پیشکش پر جمعہ کے روز اتفاق کیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مقتول کھلاڑیوں کے خاندانوں نے پچھلے مہینے، کہا تھا کہ وہ جرمن معاوضے کی تازہ ترین پیشکشوں سے ناخوش ہیں اور انہوں نے احتجاج کے طور پر حملے کی 50 ویں برسی کے موقع پر پیر کو میونخ میں ایک تقریب کا بائیکاٹ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
یہ واقعہ 5 ستمبر 1972 کو پیش آیا تھا جب بلیک ستمبر کے بنیاد پرست گروپ کے فلسطینی بندوق برداروں نے ، ایک ناقص سکیورٹی والے اولمپک ولیج سے اسرائیلی اولمپک ٹیم کے ارکان کو یرغمال بنا لیا تھا
24 گھنٹوں کے اندر اندر ، یرغمال کی کارروائی اور اس کے بعد ریسکیو کی کوششوں میں تعطل اور تنازعہ پھوٹ پڑنے کے بعد 11 اسرائیلی، 5 فلسطینی اور ایک جرمن پولیس اہلکار گولیاں لگنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔