ملکہ الزبتھ کی وفات پر برطانیہ میں سوگ
ملکہ البزبتھ کی وفات پر برطانیہ بھر میں سوگ کا عالم ہے جہاں سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سر نگوں کر دیا گیا ہے۔
ہزاروں افراد عقیدت کا اظہار کرنے بکنگھم پیلس پہنچے جہاں انہوں نے بڑی تعداد میں پھول رکھے اور ملکہ کی رہائش گاہ کی تصاویر لیتے رہے۔
ملکہ کی وفات کی خبرشاہی محل کے مرکزی دروازے پر چسپاں کی گئی ہے جب کہ حکومت نے ملکہ برطانیہ کی وفات پر 10 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
ملکہ الزبتھ کی وفات کے بعد ان کے بڑے بیٹے چارلس برطانیہ کے نئے بادشاہ بن گئے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ایک بیان میں بادشاہ چارلس نے کہا ہے کہ "میری والدہ کی موت میرے اور تمام اہلخانہ کے لیے انتہائی شدید اداسی کا لمحہ ہے۔ ہم ایک محبوب حکمران اور بہت زیادہ پیار کرنے والی ماں کی وفات کا غم منا رہے ہیں۔ میں جانتا ہوں کہ ان کی موت کا نقصان پورے ملک اور دولتِ مشترکہ کے علاوہ دنیا میں لاتعداد لوگ محسوس کررہے ہوں گے۔"
شاہ چارلس کا کہنا ہے کہ غم اور تبدیلی کے اس دور میں ان کے لیے اور ان کے خاندان کے لیے یہ بات باعثِ سکون ہے کہ ملکہ کو کس احترام اور پیار سے یاد کیا جا رہا ہے۔
۔
برطانیہ کے عوام کا ملکہ الزبتھ کو خراجِ عقیدت
طویل ترین عرصے تک تخت نشین رہنے والی برطانوی فرماں رواں ملکہ الزبتھ دوم جمعرات کو 96 سال کی عمر میں بیل مورل میں انتقال کر گئی ہیں۔ وہ شاہی خاندان میں ایک ڈرامائی تبدیلی کے بعد 1953 میں تخت نشین ہوئی تھیں۔
بکنگھم پیلس کے باہر ملکہ کے انتقال کا نوٹس آویزاں
برطانیہ کے شاہی خاندان کے انتظامی ہیڈ کواٹر بکنگھم پیلس کے باہر جمعرات کو ملکۂ برطانیہ الزبتھ دوم کے انتقال کا نوٹس آویزاں کیا گیا۔ ملکۂ برطانیہ آٹھ ستمبر 2022 کو 96 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
امریکہ کے صدر اور سابق صدور نے ملکہ برطانیہ کے انتقال پر تعزیت کی ہے
صدر جو بائیڈن اور خاتون اوّل جل بائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ الزبتھ ایک ملکہ سے زیادہ تھیں۔ اور یہ کہ وہ خود ایک عہد تھیں انہوں نے ہمارے تعلقات اسپیشل بنانے میں مدد کی۔
سابق صدر ڈانلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ انہیں اپنے ملک سے وفاداری کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔میلینا اور میں انکے ساتھ گزارے ہوئے وقت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے
سابق صدر براک اوباما اور انکی اہلیہ مشعل اوباما نے ایک بیان میں انہیں خراج عقیدت پیش کرے ہوئے کہا کہ جب صدر اور خاتون اوّل کی حیثیت سے ہم نے زندگی کا آغاز کیا تو انہوں نے ورلڈ اسٹیج پر ہمارا خیر مقدم کیا۔
سابق صدور بل کلنٹن۔ جارج ڈبلیو بش اور جمی کارٹر نے بھی اپنے بیانات میں تعزیت کی۔
برطانیہ کی نئی وزیر اعظم لز ٹرس نے کہا کہ انکی موت پر ملک پریشان ہے۔ انہوں نے ملکہ کو ایسی چٹان قرار دیا جس پر جدید برطانیہ تعمیر ہوا۔
شہزادہ چارلس نے کہا کہ انکی والدہ کی موت انکے اور انکے خاندان کے لیے سخت صدمے کا وقت ہے۔
فرانس کے صدرایمونیول میکرون نے ٹویٹ کیا ستر برس تک وہ برطانیہ کے اتحاد اور تسلسل کی علامت رہیں۔
جرمنی کے وزیر خارجہ اور اٹلی کے وزیر اعظم نے بھی انکی موت پر تعزیت کی ہے