چین: ہوسٹل میں کرونا کے چند کیسزکی نشاندہی پر 500 طالب علموں کو قرنطینہ کے مرکز بھیج دیا گیا
چین کے پریمیئر کالج فار براڈکاسٹ جرنلسٹس کے تقریباً 500 طلباء کو ان کے ہوسٹل میں کویڈ 19 کےچند کیسز منظر عام پر آنے کے بعد قرنطینہ سینٹر بھیج دیا گیا ہے۔
چین کی کمیونیکیشن یونیورسٹی کے 488 طلباء کو 19 اساتذہ اور پانچ معاونین کے ساتھ جمعہ کی رات بس کے ذریعے منتقل کیا گیا۔
گزشتہ ہفتے تک، تقریباً 65 ملین چینی باشندے لاک ڈاؤن کی زد میں تھے جب کہ اتوار کو ملک بھر میں صرف 1,248 نئے کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ ان میں سے زیادہ کیسز میں وبا کی علامتیں بھی ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔
لاک ڈاؤن نے آن لائن مظاہروں اور صحت کے کارکنوں اور پولیس کے ساتھ محاذ آرائی کو جنم دیا ہے، اور معیشت کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے ، جس سے الیکٹرانکس اور دیگر مصنوعات کی عالمی سپلائی چین متاثر ہوئی ہے۔
موسم گرما کے دوران چین کے سب سے بڑے شہر شنگھائی میں ہفتوں تک جاری رہنے والا لاک ڈاؤن تارکین وطن کارکنوں اور غیر ملکی کاروباری افراد کے انخلا کی وجہ بنا۔
سری لنکا کو بندعنوانی پر قابو پانا اور زرعت کو بہتر بنان ہو گا، یوایس ایڈ
سری لنکا کا دورہ کرنے والے ایک امریکی سفارت کار نے اتوار کے روز سری لنکا کے حکام پر زور دیا کہ وہ بدعنوانی سے نمٹنے اور حالیہ تاریخ کے اپنے بدترین ملکی بحران سے نکلنے کے لیے معیشت کو بہتر بنانے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ انتظامی اصلاحات متعارف کرائیں۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور نے صحافیوں کو بتایا کہ اس طرح کے اقدامات سے حکومت کے ارادوں پر بین الاقوامی اور مقامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
پاور نے کہا، "صرف امداد اس ملک کی پریشانیوں کو ختم نہیں کرے گی۔"
اپنے دو روزہ دورے کے دوران، پاور نے سری لنکا کو کل 60 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا۔ ہفتہ کو دارالحکومت کولمبو سے باہر جا-ایلا میں چاول کے کھیت میں کسانوں کے نمائندوں سے ملاقاتوں کے بعد، انہوں نے اگلی کاشت کے موسم کے لیے وقت پر زرعی کیمیکل خریدنے کے لیے 40 ملین ڈالر کا اعلان کیا۔
کاشت کے گزشتہ دو موسموں میں زرعی پیداوار نصف سے زیادہ گر گئی کیونکہ حکام نے اورگینک کاشتکاری کو فروغ دینے کے لیے کیمیائی کھادوں کی درآمد پر بظاہر پابندی عائد کر دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق، 6 ملین سے زیادہ لوگوں کو , جو سری لنکا کی آبادی کا تقریباً 30 فیصد ہیں، اس وقت خوراک کے عدم تحفظ کا سامنا ہے اور انہیں انسانی امداد کی ضرورت ہے۔
اتوار کو، انہوں نے کہا کہ مالی لحاظ سے کمزور خاندانوں کو ہنگامی انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے اضافی 20 ملین ڈالر دیے جائیں گے۔
روس کے یوکرین میں بجلی گھروں اور انفرا اسٹرکچر پر حملے
روس نے اتوار کے روز پاور سٹیشنز اور دیگر انفراسٹرکچر پر حملہ کیا، جس سے یوکرین میں بڑے پیمانے پر بجلی بند ہو گئی ، جب کہ کیف کی افواج نے ایک تیز جوابی کارروائی کی جس نے ماسکو کی فوجوں کو شمال مشرق میں اپنے قبضے والے علاقوں سے باہر نکال دیا ہے۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق بمباری سے خار کیف کے مغربی مضافات میں ایک پاور اسٹیشن میں زبردست آگ بھڑک اٹھی اور کم از کم ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
صدر ولادی میر زیلنسکی نے شہری اہداف کے خلاف "دانستہ اور مذموم میزائل حملوں" کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا۔
یوکرین کا دوسرا سب سے بڑا شہر خارکیف اتوار کی رات بظاہر بجلی سے محروم رہا ۔ کاریں تاریک گلیوں سے گزر یں ، اور چند پیدل چلنے والوں نے اپنا راستہ روشن کرنے کے لیے فلیش لائٹ یا موبائل فون کا استعمال کیا۔
اس کے علاوہ، روس کے زیر قبضہ جنوب میں زاپورژیا نیوکلیئر پاور پلانٹ کے قریب لڑائی چھڑ جانے کے نتیجے میں اسے تابکاری کے کسی سانحے سے محفوط رکھنے کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ۔
نائن الیون کی 21 ویں برسی، بائیڈن نے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی
صدر جو بائیڈن نے 11 ستمبر کے حملوں کی 21 ویں برسی کے موقع پر پینٹاگان میں مسلسل بارش کے دوران منعقدہ پھولوں کی چادر چڑھانے کی ایک تقریب میں شرکت کی۔
بائیڈن نے ان "غیر معمولی امریکیوں" کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے امریکہ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک پر اپنی جانیں قربان کیں ۔
اتوار کی تقریب ڈیموکریٹک صدر کی جانب سے افغانستان کی اس طویل اور مہنگی جنگ کے خاتمے کے ایک سال سے کچھ زیادہ عرصے بعد منعقد ہوئی، جو دہشت گردی کے حملوں کے جواب میں شروع کی گئی تھی ۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق بائیڈن نے کہا کہ امریکہ کے افغانستان چھوڑنے کے بعد بھی ان کی انتظامیہ گیارہ ستمبر کے حملوں کے ذمہ داروں کا تعاقب جاری رکھے ہوئے ہے۔
بائیڈن نے اگست میں اعلان کیا تھا کہ امریکہ نے القاعدہ کے اس لیڈر کو ہلاک کر دیا ہے جس نے حملوں کی منصوبہ بندی میں مدد کی تھی۔