روس پر مزید پابندیاں لگانے کے لیے صدر بائیڈن کے اختیارات میں توسیع کے اقدامات
امریکی قانون سازوں نے روس پر اس سال کے شروع میں یوکرین پر بلا اشتعال حملے کی بنا پر اس کے خلاف پابندیوں کے نفاذ کے لیے منگل کے روز صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے اختیار میں توسیع دینے کی جانب پیش رفت کی۔
ریپبلکن سینیٹر پیٹ ٹومی اور ڈیموکریٹک سینیٹر کرس وان ہولن نے روسی تیل کی برآمدات کی قیمت کو محدود کرنے کے لیے G-7 رہنماؤں کے ساتھ انتظامیہ کی کوششوں کی حمایت کرنے والا ایک لائحہ عمل متعارف کرایا۔
امریکہ اور گروپ سیون کے اتحادی توقع ہے کہ روسی تیل کی برآمدات کے لیے ایک محدود قیمت پر دسمبر تک متفق ہو جائیں گے جو لگ بھگ وہی وقت ہو گا جب یورپی یونین کی تیل کی پابندیاں بھی نافذ ہو جائیں گی۔
روس کے زیرقبضہ یوکرینی علاقوں میں ریفرنڈم، پوٹن کا روسیوں کو متحرک کرنے کا اعلان
روسی صدر ولادی میر پوٹن نے بدھ کے روز قوم سے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ وہ روسی شہریوں کو جزوی طورپر متحرک کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ اعلان ایک ایسے موقع پر کیا ہے جب ایک روز قبل مشرقی اور جنوبی یوکرین میں روسی کنٹرول کے علاقوں کے لوگوں کی جانب سے خود کو روس کا لازمی حصہ بننے کے لیے ووٹنگ کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یوکرین پر روس کے حملے کو اب سات ماہ ہو چکے ہیں اور دونوں فریقوں کی جانب سے میدان جنگ میں کامیابیوں کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔
ممکنہ طور پر بعض محاذوں پر ناکامی کے بعد روس یوکرین کے ان علاقوں کو نگلنے کی کوشش کر رہا ہے جہاں آبادی کے کچھ حصوں میں اس کے ہم نوا موجود ہیں۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ روس کے ان اقدامات کے ردعمل میں جنگ کادائرہ مزید پھیل سکتا ہے۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق ریفرنڈم،جمعہ کو لوہانسک، کھیرسن اور جزوی طور پر روس کے کنٹرول والے زاپوریژیا اور ڈونیٹسک کے علاقوں میں شروع ہوں گے۔
آسٹریلیا کے ساحل پر 230 وہیلز پھنس گئیں، بچانے کی کوششیں جاری
آسٹریلیا کے ایک جزیرے تسمانیہ کے مغربی ساحل پر تقریباً 230 وہیل مچھلیاں پھنسی ہوئی ہیں جب کہ دو دن پہلے بھی 14 سپرم وہیلز ایک اور قریبی جزیرے کے ساحل پر پھنس گئی تھیں۔
یہاں کے ساحلی تفریحی علاقے اوشن بیچ پر وہیلز کی ایک اور قسم پائلٹ وہیلز کو پھنسا ہوا دیکھا گیا ہے۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق تسمانیہ کے قدرتی وسائل اور ماحولیات کے ڈپارٹمنٹ نے بدھ کو کہا کہ ان میں سے کم از کم نصف وہیلز کے بارے میں خیال ہے کہ وہ اب بھی زندہ ہیں۔ محکمے کا کہنا ہےکہ وہیلز کو بچانے کے لیے ایک امدادی ٹیم کو روانہ کر دیا گیا ہے۔
دو سال قبل لمبے پنکھ والی لگ بھگ 470 پائلٹ وہیلز تسمانیہ کے مغربی ساحل پر پھنسں گئیں تھیں جو آسٹریلیا کے ساھلوں پر پھنس جانے کےحوالے سے ایک ریکارڈ تعداد تھی۔ انہیں بچانے کی کوششیں ہفتہ بھر جاری رہی تھیں، لیکن ان میں سے صرف 111 وہیلز کو ہی زندہ بچایا جا سکا تھا۔
نیویارک: پاکستان کے لئے بڑا اعزاز، بلاول بھٹو زرداری نے دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس کی سربراہی کی
نیویارک: وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ہونے والی نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس میں عالمی برادری کے مسائل اور ان کے حل پر بات چیت کی گئی۔
کانفرنس میں کینیڈا، چیک ری پبلک، ہنگری، قطر اور سربیا سمیت مختلف ممالک کے نوجوان وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔
وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے بھی نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس میں شرکت کی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ سے خطاب میں کہا کہ ’’ہمیں نہ صرف امن اور ترقی کے حوالے سے چیلنجز سے نمٹنا ہوگا بلکہ مستقبل کی نسلوں کے لئے مساوی معاشی حقوق کی بھی جدوجہد کرنا ہوگی۔‘‘
انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا ’’آپ سب دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ ہیں اور آپ عالمی برادری کے ایک دوسرے سے تعاون کے حوالے سے اہم ترین کردار ادا کرسکتے ہیں۔‘‘
بلاول کا کہنا تھا کہ دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ کی ایک دوسرے سے ملاقات کا مقصد دنیا کے مستقبل کے لئے ایک لائحہ عمل تشکیل دینا ہے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کے ہم منصبوں نے ان کے دنیا کے مختلف نوجوان وزرائے خارجہ کو اکھٹا کرنے کے اقدام کو سراہا اور انہوں نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دینے کا عزم کیا۔