جوہری طیارہ بردار امریکی بحری جہاز شمالی کوریا کی فوجی مشقوں میں شریک
امریکہ کا جوہری طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس رونلڈ ریگن جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں سے پہلے جمعے کے روز وہاں کی بندرگاہ بوسان پر پہنچ گیا ہے ،جن کا مقصد شمالی کوریا کے بڑھتے ہوئے خطرات کے خلاف اپنی طاقت کا مظاہرہ ہے ۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ مشترکہ فوجی مشقیں 2017 کے بعد سے پہلی ہوں گی جن میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز حصہ لے رہا ہے ۔
اتحادیوں نے شمالی کوریا کی جانب سے ہتھیاروں کی بڑی ٹیسٹنگ کی بحالی اور سول اور واشنگٹن کے ساتھ بڑھتے ہوئے جوہری تنازعوں کے رد عمل میں ، اس سال بڑے پیمانے کی فوجی مشقیں دوبارہ شروع کر دی ہیں ۔
جنوبی کوریا کی بحریہ نے کہا ہے کہ تربیت کا مقصد اتحادیوں کی فوجی مستعدی کو بڑھانا اور جزیرہ نما کوریا میں امن کے لیے جنوبی کوریا اور امریکہ کے اتحاد کے مضبوط عزم کو ظاہر کرنا ہے ۔
جاپان نے سیاحوں پر اپنے دروازے کھول دیے، کووڈ۔19 کی متعدد پابندیاں ختم
جاپان کے وزیر اعظم فومو کیشیدا نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ جاپان اپنی سیاحتی صنعت کی بحالی کے لیے سرحد پر کووڈ 19 کی کئی پابندیاں ختم کر دے گا۔
رائٹرز کے مطابق نیو یارک میں ایک نیوز کانفرنس میں کیشیدا نے پالیسی میں تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے، جس کا کافی عرصے سے انتظار تھا ، کہا کہ 11 اکتوبر تک جاپان انفرادی وزیٹرز کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے گا، ویزا کی استثنا بحال کرے گا اور روزانہ آنے والوں کی تعداد کی حد ختم کر دے گا ۔
کیوڈو نیوز کی رپور ٹ کے مطابق نئے رہنما اصولوں کے تحت اب جاپان میں سیاحوں کی لامحدود تعداد کے لیےداخلے کے دروازے کھل گئے ہیں بشرطیکہ انہوں نے تین بار ویکسین لگوائی ہو یا اپنے ٹرپ سے پہلے کووڈ 19 کے لیے ایک نیگیٹیو ٹیسٹ جمع کرایا ہو۔
وزیر اعظم کا جاپانی معیشت کو متحرک کرنے کا یہ اقدام اس کے بعد سامنے آیا ہے جب ین کی قیمت لگ بھگ پون صدی میں ڈالر کے مقابلے میں اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
اپنی معیشت کو سیاحت کے ذریعے بہتر بنانے کی ایک اضافی کوشش میں جاپانی حکومت ملک بھر میں سفر کے لیے ایک پروگرام بھی لا رہی ہے جس کے تحت غیر ملکیوں کو دوسرے سیاحتی مقامات پر جاپان کو ترجیح دینے کا انتخاب کرنے کے لیے مراعات فراہم کی جائیں گی۔
سعودی عرب کی ثالثی: روس نے یوکرین میں قید 10 غیر ملکیوں کو رہا کر دیا
سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے مطابق روس نے بدھ کے روز سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ثالثی کے بعد یوکرین میں پکڑے گئے 10 غیر ملکی جنگی قیدیوں کو رہا کر دیا۔
وزارت کے بیان میں کہا گیا کہ متعلقہ سعودی حکام نے ایک طیارے کے ذریعے اِن قیدیوں کو روس سے سعودی عرب میں منتقل کیا اور اب اُنہیں اُن کے ملکوں میں واپس بھیجنے کے لیے سہولت فراہم کر رہے ہیں۔
وزارت نے اِن قیدیوں کی شناخت نہیں کی، تاہم ایک سعودی اہلکار نے بتایا کہ اِن میں 5 برطانوی، 2 امریکی، 1 کروشین، 1 مراکشی اور 1 سویڈش شہری ہے۔
برطانوی وزیر اعظم لز ٹرس نے ٹویٹر پر برطانوی شہریوں کی رہائی کو مہینوں کی غیر یقینی صورت حال اور مصائب کے بعد ’’انتہائی خوش آئند خبر‘‘ قرار دیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق روس نے امریکی شہریوں 39 سالہ الیگزینڈر ڈروک اور 27 سالہ اینڈی ہیون کو بھی رہا کیا۔
بڑی تعداد میں غیر ملکی، روس کے حملے کے خلاف مزاحمت کرنے والے یوکرینی فوجیوں کی حمایت کے لیے وہاں جاتے ہیں، اِن میں سے کچھ کو روسی افواج نے ملک میں موجود دیگر غیر ملکیوں کے ساتھ پکڑا ہے، جن کا کہنا ہے کہ وہ جنگجو نہیں تھے۔
نائیجیریا میں مسلح گروپس کی وارداتوں میں اضافہ، چھ سو سے زائد اسکول بند کر دیے گئے
نائیجیریا میں اسکول کا نیا سال ستمبر میں شروع ہوا تھا ، تاہم حکام کے مطابق شمالی نائیجیریا میں چھ سو سےزیادہ ا سکول سیکیورٹی کے خدشات کے باعث بند پڑے ہیں۔ حکام کے مطابق اِس کی وجہ مسلح گینگز کی جانب سے اغوا اور تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتیں ہیں ۔
اقوام متحدہ کے تعلیم، سائنس اور ثقافت کے ادارے یونیسکو کے مطابق، نائیجیریا کے دو کروڑ سے زیادہ بچےاسکول نہیں جاتے۔ یہ تعداد اِس سال مئی کے اعداد وشمار سے بیس لاکھ زیادہ ہے ۔
تاہم نائیجیریاکے حکام اس تعداد سے متفق نہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ صورت حال بہتر ہوچکی ہے اور حکومت تعلیم پر زیادہ خرچ کر رہی ہے۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ یونیسکو کے اعداد و شمارمیں وہ بچے شامل نہیں کیے گئے ،جو شمالی نائیجیریا کے غیر روایتی اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں ۔
نائیجیریا میں یونیسکو کی "ریڈ اینڈ اَرن"فیڈریشن کے سربراہ، عبدالسلامی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ا سکول نہ جانے والے بچوں کی اس بلند شرح کے ذمے دارکئی پیچیدہ عوامل ہو سکتے ہیں، جیسےعسکریت پسندی، اسکولز میں اُن کی ٹیوشن کی ادائیگی کے ذمے دار والدین یا سرپرست کی موت یا بچیوں کے لیے ایک اہم وجہ اُن کی کم عمری کی شادیاں۔
نائیجیریا میں ایسے بچوں کی شرح پہلے ہی دنیا کی بلند ترین شرح میں سے ایک ہے جو اسکول نہیں جاتے تھے ۔ اقوام متحدہ کے مطابق اب صورت حال مزید خراب ہوگئی ہے ۔