یوکرینی بندرگاہ اودیسا کے قریب ڈرون حملہ
یوکرین کی بندرگاہ اوڈیسا کے قریب رات گئے ایک فوجی تنصیب پر ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں وہاں موجود گولہ بارود میں دھماکہ ہوا اوربڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی ۔
اس سے چند گھنٹے قبل امریکہ نے روس کے خلاف ایک فیصلہ کن کارروائی کا عزم اور یہ انتباہ کیاتھا کہ اگر اس نے یوکرین میں جوہری ہتھیار استعمال کئے تو اسے "تباہ کن نتائج" کا سامنا ہو گا۔
یہ فضائی حملہ حالیہ دنوں میں اہم جنوبی شہر پر ڈرون حملوں کے سلسلے میں تازہ ترین تھا ۔
یوکرین کی فوج کی جنوبی کمان نے پیر کو بتایا کہ فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
بنگلہ دیش میں کشتی الٹنے سے 32 افراد ہلاک، 60 لاپتا
پولیس کا کہنا ہے کہ شمالی بنگلہ دیش کے ایک دریا کروٹوا میں ہندو یاتریوں سے بھری ایک کشتی کے ڈوبنے سے، جس میں گنجائش سے زیادہ مسافر بھرے ہوئے تھے، 32 لوگ ہلاک اور 60 لا پتا ہو گئے ہیں۔
امدادی کارکنوں نے پیر کے روز سات مزید نعشیں بازیاب کیں۔
پولیس نے اتوار کو بتایا کہ اس چھوٹی کشتی پر زیادہ تر عورتیں او ر بچے سوار تھے ، جو حادثےسے قبل علاقے کے ایک معروف مندر کی طرف جا رہی تھی۔
اس مندر میں ہندوؤں کے ایک بڑے مذہبی تہوار درگا پوجا کے موقع پر ہزاروں یاتری جمع ہوتے ہیں۔
جب وہ قصبے بودا کے قریب پہنچی تو توازن بگڑنے کے باعث الٹ گئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس چیف سراج الہدی نے بتایا کہ کشتی میں گنجائش سے تین گنا زیادہ مسافر سوار تھے ۔ صبح کے وقت شدید بارش ہو رہی تھی جس کی وجہ سے یاتری مندر تک جلد پہنچنے کے لیے کشتی میں تیزی سے سوار ہو گئے ۔
ملاح نے بتایا کہ اس نے کشتی کا وزن کو کم کرنے کے لیے کچھ لوگوں سے اترنے کو کہا لیکن کسی نے اس کی نہیں سنی ۔
مقبوضہ یوکرینی علاقوں میں ریفرنڈم کے بعد روس سے الحاق کا جلد اعلان متوقع
سات ماہ کی تھکا دینے والی جنگ کے بعد، بہت سے یوکرینی باشندے مزید مصائب اور سیاسی جبر کے خدشات میں گرفتار ہیں۔
کریملن کے زیر انتظام بندوقوں کے سائے میں کرائے گئے ریفرنڈم سے یہ نشاندہی ہوتی ہے کہ روس کے ان چار مقبوضہ علاقوں کا جلد ہی روس سے الحاق ہو جائے گا۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق بہت سے باشندے ریفرنڈم شروع ہونے سے پہلے ہی اس ڈرسے ان علاقوں سے بھاگ گئے ہیں کہ انہیں ووٹ ڈالنے پر مجبور کیا جائے گا یا ممکنہ طور پر روسی فوج میں زبر دستی بھرتی کیا جائے گا۔
یہ ریفرنڈم، جنہیں کیف اور اس کے مغربی اتحادیوں نے جعلی قرار دے کر ان کی مذمت کی ہے، روسی کنٹرول کے علاقوں لوہانسک، کھیرسن ، ڈونیٹسک اور زاپوریژیا کےمقبوضہ علاقوں میں ہو رہے ہیں۔
توقع ہے کہ روسی حکام منگل کو طے شدہ ووٹنگ کے ختم ہونے کے بعد انہیں اپنا علاقہ قرار دینے کا اعلان کریں گے ۔
لیبیامیں ملیشاؤں کے درمیان لڑائی چھڑنے سے پانچ افراد ہلاک
مغربی لیبیا میں صحت کے حکام نے پیر کو بتایا حریف ملیشیاؤں کے درمیان ایک بار پھر لڑائی ک چھڑنے سے کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں،جن میں ایک 10 سالہ لڑکی بھی شامل ہے۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق اتوار کے روز مغربی قصبے زاویہ میں حریف ملیشیا ؤں کے درمیان لڑائی شروع ہوئی، جہاں مسلح گروپ تیل کی دولت سے مالا مال اس علاقے میں اپنا غلبہ بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزارت صحت کی ہنگامی سروس نے بتایا کہ رات بھر جاری رہنے والی جھڑپوں میں پانچ افراد کی ہلاکت کے ساتھ کم از کم 13 شہری زخمی بھی ہوئے۔
ہنگامی سروس کے ترجمان ملک مرسٹ نے بتایا کہ لڑائی کی وجہ سے درجنوں خاندان کئی گھنٹوں تک علاقے میں پھنسے رہے ۔
مقامی میڈیا نے بتایا کہ ایک ملیشیا کے مسلح افراد نے اپنے حریفوں پر فائرنگ کی جس سےدوسری ملیشیا کا ایک رکن زخمی ہو گیا جسے اسپتال پہنچا دیا گیا۔
لیبیا اس وقت دو حریف حکومتوں کے درمیان منقسم ہے،اوران دونوں کو مسلح ملیشیاؤں اور بعض غیر ملکی حکومتوں کی پشت پناہی حاصل ہے ۔