آئندہ برسوں میں امریکہ کو چین سے چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے
امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکہ کو آنے والے برسوں میں جمہوریہ چین سے چیلنج لاحق ہیں، لیکن واضح معاندانہ پہلووں کے ظاہر ہونے کے باوجود دو طرفہ تعلقات میں تعاون کے کچھ پہلو بھی ہیں مثلاً آب و ہوا کی تبدیلی کے خلاف لڑائی اور عالمی صحت کا فروغ ۔
بلنکن نے تائیوان کی جانب چین کے تبدیل ہوتے ہوئے رویے کے دوران پورے آبنائے تائیوان میں امن اور استحکام کے ساتھ امریکی عزم کی بھی تجدید کی ۔
ان کے یہ تبصرے ایسے میں سامنے آئے ہیں جب چین کی کمیونسٹ پارٹی کانگریس اس ماہ سی سی پی کے جنرل سیکرٹری زی جن پنگ کو پانچ سال کی تیسری مدت کے لئے اقتدار حوالے کرنے کے لئے تیار ہے ۔
داعش کی معاونت پر کینیڈاکےایک شہری کو 20سال قید کی سزا
کینیڈا کے ایک شخص کو شام میں داعش کو معاونت فراہم کرنے کے جرم میں پیر کے روز امریکہ کے ایک جیل میں 20 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
محکمہ انصاف نے ایک بیان میں کہا کہ ایڈمنٹن البرٹا کے 37 سالہ عبد اللہی احمد عبداللہی کو 2019 میں کینڈا سے سین ڈی ایگو منتقل کر دیا گیا تھا ، عبداللہی نے سین ڈی ایگو کی ایک وفاقی عدالت میں دسمبر 2021 میں تمام الزامات کے لیے اقبال جرم کر لیا تھا ۔
اس پر نارتھ امریکہ کے چھ شہریوں کے لیے شام کے سفر کی معاونت کا الزام تھا ، جہاں اس نے داعش میں شمولیت اختیار کی تھی ۔
فنڈز اکٹھے کرنے میں مدد کے لیے عبد اللہی نے اعتراف کیا کہ اس نے 2014 میں ایڈمنٹن کے ایک جیولری اسٹور پر ایک مسلح ڈاکہ ڈالا تھا۔
جسٹس ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ وہ تمام چھ امریکی داعش کے لیے لڑتے ہوئے آخر کار مارے گئے تھے۔
نیٹو نے شمال مغربی یورپ میں سالانہ جوہری مشقیں شروع کر دیں
نیٹو نے پیر کے روز شمال مغربی یورپ میں اپنی ایک عرصے سے منصوبہ کی گئی سالانہ جوہری مشقیں شروع کر دی ہیں جب کہ یوکرین میں جنگ اور صدر ولادی میر پوٹن کی جانب سے روسی علاقے کے دفاع کے لیے کسی بھی طریقے کے استعمال کی دھمکی سے کشیدگیوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔
نیٹو کے 30 رکن ملکوں میں سے 14 کو ان مشقوں میں حصہ لینا تھا جن کے بارے میں فوجی اتحاد نے کہا ہے کہ ان میں لڑاکا جیٹ اور نگرانی اور ایندھن دوبارہ بھرنے والے طیاروں سمیت 60 ائیر کرافٹ شامل ہوں گے ۔
بیشتر جنگی مشقیں روس کی سرحدوں سے کم از کم ایک ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر ہوں گی ۔
امریکہ کے طویل فاصلے پر مار کرنے والے بی -52 بمبار طیارے بھی ان مشقوں میں حصہ لیں گے۔ یہ مشقیں 30 اکتوبر تک جاری رہیں گی ۔
نیٹو کسی میڈیا کو رسائی کی اجازت نہیں دے رہا ہے۔
نیٹو نے کہا ہے کہ تربیتی پروازیں اس سال کی مشقوں کے میزبان ملک بلجیم اور شمالی سمندر اور برطانیہ کی فضا پر ہوں گی ۔
ان مشقوں میں جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کے حامل لڑاکا جیٹ طیارے حصہ لیں گے لیکن اصلی بم شامل نہیں ہوں گے ۔
ورلڈ کپ پاس کے لیے 15 لاکھ سے زیادہ شائقین کی درخواستیں
قطر نے اتوار کو کہا کہ 20 نومبر سے شروع ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کے لازمی پاس کے لیے 15 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے درخواست دی ہے۔
حیا پاس سروس کے سربراہ سعد السویدی نے کہا کہ اب تک 15 لاکھ سے17 لاکھ کے درمیان افراد اس کارڈ کے لیے درخواست دے چکے ہیں، جو کہ ویزا، میچ ٹکٹ، ٹرانسپورٹ ٹکٹ کے طور پر کام کرتا ہے اور کچھ فین زونز تک رسائی فراہم کرتا ہے۔
قطر جانے والے تمام مسافروں کو یکم نومبر سے داخلے کے لیے پاس کی ضرورت ہوگی، چاہے وہ کوئی گیم دیکھنا چاہیں یا نہ چاہیں ۔
قطر نے کہا ہے کہ اسے توقع ہے کہ میچ دیکھنے کے لیے 10 لاکھ سے زیادہ غیر ملکی اور لاکھوں ملکی شائقین آئیں گے ۔
بین الاقوامی شائقین کو ٹکٹ خریدنے اور رہائش حاصل کرنے کے بعد پاس کے لیے درخواست دینی ہوگی۔حکام نے بتایا کہ دوحہ کے2 بین الاقوامی ہوائی اڈے روزانہ ڈیڑھ لاکھ افراد کے اندراج کی تیاری کر رہے ہیں۔
سعودی عرب سے زمینی راستے کے ذریعے دوحہ جانے والوں کولازمی طور پر بس سے سفر کرنا ہوگایا اپنی گاڑی سے جانے کے لیے 1375 ڈالر فیس ادا کرنا ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابو سمرہ لینڈ کراسنگ پر سرحدی اہلکار فی گھنٹہ 4000 افراد کی کاغذی کارروائی مکمل کر سکیں گے۔