برطانیہ میں افراط زر40 برسوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
برطانیہ میں افراط زر کی شرح ستمبر میں چالیس برسوں میں بلند ترین سطح تک پہنچ گئی جب کہ خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث گھرانوں کے بجٹ سکڑ گئے ہیں۔
شماریات کے قومی دفتر کا کہنا ہے کہ صارفین کی قیمتوں کا انڈیکس گزشتہ ماہ 9 اعشاریہ 9 فیصد کے مقابلے میں اس ماہ بڑھ کر 10 اعشاریہ ایک فیصد ہو گیا۔
نئے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ افراط زر 1982 کے بعد سے اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے ۔
اس اضافے سے یہ توقعات بڑھ گئی ہیں کہ بینک آف انگلینڈ شرح سود میں مزید اور زیادہ تیزی سے اضافہ کر دے گا کیوں کہ وہ افراط زر کی شرح کو اپنے 2 فیصد کے ہدف تک واپس لانے کی کوشش کر رہا ہے۔
روس یوکرین جنگ: اسرائیل پر یوکرین کی حمایت کے لیے دباؤ میں اضافہ
اس ہفتے روس نے جو ایرانی ساختہ ڈرون وسطی کیف میں بھیجے تھے وہ روس اور مغرب کے درمیان توازن قائم کرنے سے متعلق اسرائیل کے عمل کو پیچیدہ بنا رہے ہیں۔
گزشتہ فروری میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے اسرائیل بڑی حد تک سائیڈ لائنز پر رہا ہے تاکہ کریملن کے ساتھ اس کے اسٹریٹجک تعلقات کو نقصان نہ پہنچے۔
اسرائیل نے یوکرین کو انسانی امداد بھیجی ہے لیکن اس نے ہتھیاروں کے لیے یوکرین کی درخواستوں کو مسترد کر دیا ہے اور روس پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کرنے سے گریز کیا ہے۔
لیکن اسرائیل کے پکے دشمن، ایران کے ساتھ ماسکو کے گہرے تعلقات کی خبروں کے ساتھ، اسرائیل جنگ میں یوکرین کی حمایت کے لیے دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے ۔
نیویارک میں تارکین وطن کے لیے نیا عارضی شہر
امریکہ کی جنوبی ریاستوں سے نیو یارک بھیجے جانے والے بین الاقوامی تارکین وطن کے ایک بڑے گروپ کے لیے ایک نیا عارضی سینٹر کھولا جا رہا ہے۔
بڑ ے بڑے خیموں پر مشتمل یہ کمپلیکس شہر ایک جزیرے رینڈلز آئی لینڈ میں بنایا گیا ہے۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق عہدے داروں نے بتایا ہے کہ اس سینٹر کا مقصد ان اکیلے، بالغ مردوں کو ایک عارضی پناہ گاہ فراہم کرنا ہے ، جن میں سے اکثر کا تعلق وینزویلا سے ہے۔
ان میں سے زیادہ تر پناہ گزین ٹیکساس سے چارٹرڈ بسوں کے ذریعے نیویارک پہنچے ہیں۔
انہیں فراہم کی گئی سہولتوں میں پانچ سو لوگوں کے لیے چار پائیاں ، لانڈری کی سہولتیں ، ایک ڈائننگ ہال اور بین الاقوامی کالز کے لیے فونز شامل ہیں۔
بچو ں کے ساتھ آنے والے خاندانوں کو ہوٹلوں میں رکھا جا رہا ہے۔
صدر بائیڈن تیل کے امریکی ذخائر سے ایک کروڑ 50 لاکھ بیرل فراہم کرنے کا اعلان کریں گے
صدر بائیڈن اوپیک پلس ملکوں کی جانب سے تیل کی پیداوا ر میں کمی کے حالیہ اعلان کے ایک رد عمل میں بدھ کے روز امریکی حکمت عملی کے ریزرو سے 15 ملین بیرل تیل نکالنے کا اعلان کریں گے ۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق منگل کے روز انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر منگل کے رو ز بائیڈن کے منصوبوں پر بات کی ۔
اہلکار کے مطابق صدر یہ بھی کہیں گے کہ اس موسم سرما میں تیل کی مزید فروخت ممکن ہے جب کہ ان کی انتظامیہ اگلے ماہ مڈ ٹرم الیکشنز سے قبل گیس کی قیمتوں سے نمٹنے کی کوشش کررہی ہے۔
اس وقت حکمت عملی کے ذخائر میں لگ بھگ 400 ملین بیرل تیل موجود ہے جو 1984 کے بعد سے کم ترین سطح ہے ۔