جرمنی کے صدر کا یوکرین کا دورہ اور یک جہتی کا اظہار
جرمنی کے صدر روس کے حملے کے آغاز کے بعد سے یوکرین کے اپنے پہلے دورے پر کیف پہنچے ہیں۔
یہ ایک ایسا دورہ ہے جو ماسکو کی جانب سے ڈرٹی بم حملے کے خدشات کے بارے میں غیر مصدقہ دعوؤں کے درمیان ہو رہا ہے اور جب کہ یہ جنگ اب اپنے 9ویں مہینے میں داخل ہو رہی ہے ۔
صدر فرینک والٹر اسٹین میئر نے منگل کو کیف پہنچنے کے بعد کہا کہ میرے لیے ڈرونز، کروز میزائلوں اور راکٹوں کے ساتھ فضائی حملوں کے اس مرحلے میں یوکرینیوں کے لیے یکجہتی کا سگنل بھیجنا اہم تھا۔
پیر کے روز، روسی حکام نے ممکنہ ڈرٹی بم ،ریڈیو ایکٹیو حملے کے اپنے دعوؤں کو دوگنا کر دیا، جس کے بارے میں یوکرین اور مغرب دونوں کہتے ہیں کہ وہ یوکرین سے نہیں آرہا ہے۔
اسٹین مئیر کی ترجمان کرسٹین گاملین نے منگل کے روز ٹوئٹر پر کیف میں ان کی ایک تصویر پوسٹ کی جس پر لکھا کہ ہماری یک جہتی اٹوٹ ہے اور یہ ایسی ہی رہے گی۔
رشی سونگ برطانیہ کے پہلے غیر سفید فام وزیر اعظم بن سکتے ہیں
برطانیہ کے محکمہ خزانہ کے سابق سر براہ رشی سونک گورننگ کنزرویٹو پارٹی کی قیادت کے لیے منتخب ہونے کے بعد برطانیہ کے پہلے غیر سفید فام وزیر اعظم بننے کے لیے تیار ہیں۔
پارٹی کومعاشی اور سیاسی ابتری سے نمٹنے میں رہنمائی کے لیے محفوظ ہاتھوں کی اشد ضرورت ہے ۔ اس سال برطانیہ کے تیسرے وزیر اعظم کو بہت زیادہ چیلنج درپیش ہیں۔
آزادی پسند معاشیات میں اپنے پیشرو کے مختصر تجربے کے بعد انہیں کساد بازاری میں پھسلنے والی معیشت کو بہتر بنانے کوشش کرنی چاہیے، جبکہ ایک مایوس اور منقسم پارٹی کو متحد کرنے کی کوشش بھی کرنی چاہیے۔
سونک کو اب شاہ چارلس سوم حکومت بنانے کے لیے کہیں گے اور منگل کو ٹرس سے اقتدار کی سپردگی کے ساتھ ملک کے وزیر اعظم بن جائیں گے۔
امریکی حکومت آب و ہوا کی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے کافی کچھ نہیں کر رہی: سروے رپورٹ
ایسو سی ایٹڈ پریس اور نیشنل اوپینئن ریسرچ سینٹر کی جانب سے کرائے گئے رائے عامہ کے ایک جائزے سے ظاہر ہوا ہے کہ امریکیوں کی ایک تہائی تعداد کا خیال ہے کہ وفاقی حکومت آب و ہوا کی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہی ۔
رائے عامہ کا یہ جائزہ ایسے میں ہوا ہے جب اس میں شامل افراد اس نئے قانون سے زیادہ واقف نہیں ہیں جو گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کے لیے امریکہ کو اس کی اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کا پابند کرتا ہے ۔
صدر جو بائیڈن اور کانگریس میں ڈیموکریٹس نے اگست میں منظور کیے گئے مہنگائی میں کمی کے قانون کو ایک سنگ میل کی کامیابی قرار دیا ہے جس سے انہیں امید ہے کہ ان کی پارٹی کو نومبر کے انتخابات میں ایوان اور سینیٹ میں اپنی اکثریت برقرار رکھنے کے امکانات کو تقویت ملے گی۔
اس کے باوجود ایسوسی ایٹڈ پریس-این او آر سی کے سینٹر فار پبلک افیئر ریسرچ کے سروے سے پتا چلتا ہے کہ 61 فیصد امریکی بالغوں کا کہنا ہے کہ وہ اس کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتے ۔
‘روس کے ساتھ امن کے وقت اور شرائط کا فیصلہ یوکرین کو کرنا ہے’
فرانسیسی صدر ایمینوئل میکراں نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ امن کے وقت اور شرائط کے فیصلے کا انحصار یوکرین پر ہے ۔
اتوار کو روم میں ایک امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میکراں نے کہا کہ جب وہ وقت آئے گا تو بین الاقوامی برادری اس کے ساتھ ہو گی۔
اس بارے میں تشویش پائی جاتی ہے کہ اب جب موسم سرما قریب ہے ، توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے یورپ میں یوکرین کے اتحادیوں کی مدد میں کمی ہو سکتی ہے ۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق ایک کیتھولک فلاحی ادارے کے زیر اہتمام امن کانفرنس میں میکراں نے کہا کہ غیر جانبدار رہنے کا مطلب ہے کہ دنیا میں اسی کا حکم چلے گا جو سب سے زیادہ طاقتور ہو گا اور میں اس سے اتفاق نہیں کرتا۔
میکراں پیر کو پوپ فرانسس سے ملاقات کر رہے ہیں ۔ میکرا ں نے جو ایک اعتدال پسند ہیں ، روم میں نجی طور پر اٹلی کے نئے وزیر اعظم، انتہائی دائیں بازو کے راہنما جیورجی میلونی سے ملاقات کی